25 ستمبر 2016 - 14:05
محرم الحرام ظلم و بربریت کے خلاف مزاحمت کی تجدید عہد کا مہینہ: آغا حسن

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ شہدائے کربلاؑ کا ظلم وتسلط کے خلاف مزاحمت کا لامثال مظاہرہ دنیائے انسانیت بالخصوص مظلوم و محکوم قوموں کیلئے مشعل راہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ اراکین انجمن شرعی شیعیان ضلع بڈگام کا ایک اہم اجلاس تنظیم کے صدر دفتر پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تنظیم کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔ اجلاس میں ماہ محرم الحرام کی تقریبات کے حوالے سے مختلف امورات اور معاملات کو زیر بحث لایا گیا۔وادی کے موجودہ سنگین حالات اور ظلم و بربریت کے جاری سلسلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس میں حالیہ اڑھائی ماہ کے دوران فورسز کے ہاتھوں شہید نہتے احتجاجیوں کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سالار حریت سید نا حضرت امام حسینؑ اور ان کے عزیز و اقارب کی شہادت اعظمیٰ حق و انسانیت کے تحفظ و بقا کیلئے تاریخ بشریت کا فقید المثال معرکہ حق و باطل ہے جہاں حضرت امام حسینؑ اور ان کے عزیز و اقارب نے جبرو استبداد اور طاقت و تشدد کے سامنے سرنگوں ہونے کے بجائے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بشری آزادی کی قدر وقیمت اور اہمیت دنیا پہ واضح کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ شہدائے کربلاؑ کا ظلم وتسلط کے خلاف مزاحمت کا لامثال مظاہرہ دنیائے انسانیت بالخصوص مظلوم و محکوم قوموں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام عالیمقام کی قربانی کسی ایک طبقہ فکر کے لئے نہیں بلکہ مظلوم انسانیت کیلئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ محرم تقریبات کو ایک مخصوص مسلک سے منسوب کرنے کی حکومتی پالیسی اور فکروذہنیت شہادت حسینیؑ کی کھلی توہین ہے اور ایسا کرکے یہاں ملی اتحاد و اخوت کو نقصان پہنچاکر بھارتی عزائم کی تکمیل کا ایجنڈہ آگے بڑھایا جارہا ہے۔ آغا صاحب نے ریاستی انتظامیہ کی نام نہاد محرم میٹنگوں کو گمراہ کن اور خانہ پُری قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ان اجلاسوں اورمحرم انتظامات سے متعلق بے بنیاد سرکاری اعلانات کا واحد مقصد اتحاد ملی میں رخنہ ڈالنے کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ آغا صاحب نے ملی اتحاد و اخوت کو اولین ترجیحات کا حامل قرار دیتے ہوئے اراکین پر زور دیا کہ وہ آپسی اتحاد و اخوت کو قائم دائم رکھنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز